06/02/2026
پریس ریلیز
تاریخ: 06 فروری 2026
موضوع: ڈبلیو ایچ او کی جانب سے چپورسن زلزلہ متاثرین کے لیے عطیہ کردہ ادویات ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہنزہ کے حوالے کر دی گئی ہیں
گلگت: محکمہ صحت گلگت بلتستان کی جانب سے عوام الناس کو باخبر کیا جاتا ہے کہ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی جانب سے چپورسن کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں متاثرہ آبادی کے لیے عطیہ کی گئی ادویات، نگران وزیرِ صحت گلگت بلتستان ڈاکٹر نیاز علی، سیکرٹری صحت گلگت بلتستان جناب آصف اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ گلگت بلتستان ڈاکٹر سلیم الدین اور ڈائریکٹر ہیلتھ گلگت بلتستان ڈاکٹر سلام کی واضح ہدایات اور نگرانی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہنزہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہنزہ کو باقاعدہ اور تحریری ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مذکورہ ادویات کی بروقت، شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں اور چپورسن کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں مستحق اور متاثرہ افراد تک طبی امداد بغیر کسی تاخیر کے پہنچائی جائے۔
محکمہ صحت گلگت بلتستان قدرتی آفات کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ، فوری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی اور عطیہ کردہ ادویات کے درست اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
منجانب:
شعبۂ اطلاعاتِ عامہ
محکمہ صحت
حکومتِ گلگت بلتستان