26/01/2026
بیلجیئم کے 15 سالہ طالبعلم لورینٹ سائمنز نے کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔ فلمنش ٹیلی وژن نیٹ ورک وی ٹی ایم کے مطابق لورینٹ نے اس ہفتے یونیورسٹی آف اینٹورپ میں اپنے تحقیقی مقالے کا کامیاب دفاع کیا۔
لورینٹ سائمنز کو ’’بیلجیئم کا ننھا آئن اسٹائن‘‘ کہا جاتا ہے اور وہ کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے کم عمر ترین افراد میں شامل ہو گئے ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ عالمی رینکنگ سسٹم موجود نہیں۔
رپورٹس کے مطابق لورینٹ نے چار سال کی عمر میں اسکول جانا شروع کیا اور چھ سال میں ابتدائی تعلیم مکمل کر لی، جبکہ 12 سال کی عمر تک وہ کوانٹم فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر چکے تھے۔ انہیں فوٹوگرافک میموری حاصل ہے اور ان کا آئی کیو 145 بتایا جاتا ہے۔
لورینٹ کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں میڈیکل سائنس کے شعبے میں تعلیم حاصل کر کے انسانی عمر میں اضافے اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے سے متعلق تحقیق کرنا چاہتے ہیں، جس کا مقصد ذاتی فائدہ نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت ہے۔
واضح رہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا کے کم عمر ترین پی ایچ ڈی ہولڈر کا اعزاز جرمن نابغہ کارل وِٹے کے پاس ہے، جنہوں نے 1814 میں 13 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی حاصل کی تھی۔
🇵🇰 Follow for support Pak Fauj News 🇵🇰
🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰🇵🇰