08/10/2021
اگر گولی لگ جائے؟
حادثات کی صورت میں ابتدائی طبی امداد غنیمت سے کم نہیں ہوتی۔ اکثر سڑکوں پر ایکسیڈنٹ ہوتے دیکھ کر ہر عام آدمی گڑبڑا جاتا ہے۔ اسے سمجھ نہیں آرہا ہوتا کہ اُسے کیا کرنا چاہیے۔ مدد کرنے سے یہ سوچ کر گھبرا بھی رہا ہوتا ہے کہ کہیں بعد میں پولیس اُسے ہی نہ پریشان کرے۔ یہ تحریر خاص طور ایسے ہی ناگہانی صورت حالات میں رہنمائی کے لیے ہے۔
ایک مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں ہمیشہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ جس نے ایک انسانی جان کو بچایا، اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ لہذا خدانخواستہ کہیں روڈ ایکسیڈنٹ ہو جاتا ہے اور حادثے کا شکار فرد آپ کے سامنے بے ہوش پڑا ہے تو آپ نے ایک نہیں، بلکہ تمام ایمبولنس سروسز کو فون کرنے کے دوران ہی جو سب سے پہلا کام کرنا ہے، وہ ہے بے ہوش فرد کا منہ کھول کر اُس کی زبان چیک کرنا کہ کہیں زبان الٹ کر حلق میں تو نہیں چلی گئی۔ اگر ایسا ہے تو فورا انگلیاں ڈال کر سب سے پہلے فرد کی زبان سیدھی کر دیں۔ ورنہ سانس رکنے سے ہی اس کی جان جاسکتی ہے۔
اسی کے ساتھ آپ نے یہ بھی دیکھ لینا ہے کہ جسم سے کہاں سے بلیڈنگ جاری ہے۔ چوٹ چاہے کس بھی نوعیت کی ہو، بلیڈنگ جان لیوا ہوسکتی ہے۔ اس لیے بلیڈنگ روکنے کے لیے کوئی بھی کپڑا زخم پر رکھ کر آپ نے خون کا بہاو روک دینا ہے۔ اور اس پورے عمل کے دوران آپ نے زخمی سے یہ کہتے جانا ہے کہ اسپتال یہاں سے پاس ہی ہے۔ ایمبولنس آتے ہی تم بالکل محفوظ ہو جاو گے۔
مطلب آپ نے زخمی کا حوصلہ بڑھاتے رہنا ہے۔ چاہے وہ بے ہوش ہی کیوں نا ہو۔ اس سے اس کا panic کم ہوگا تو بلڈ پریشر بھی نسبتا کم ہو جائے گا۔ اور بلڈ پریشر نارمل ہونے سے اگر اندرونی بلیڈنگ ہو رہی ہوئی تو اس میں بھی کمی آئے گی۔ جبکہ بیرونی تو آپ کپڑا رکھ کر روک ہی رہے ہیں۔
اور اگر خدانخواستہ زخمی کی سانس ہی بند محسوس ہو تو پھر ماوتھ ٹو ماوتھ دیتے ہوئے قطعی نہ ہچکچائیں۔
اسی طرح خدانخواستہ کسی کو گولی لگ جاتی ہے تو بھی لگ بھگ یہی تمام پریکٹس دہرانی ہوگی۔
لیکن بم بلاسٹ کی صورت میں کبھی کسی زخمی کو بے احتیاطی سے چھونے کی غلطی ہم نے کبھی نہیں کرنی۔ کیونکہ دھماکے کے نتیجے میں ایک "دھکا" )wave( چاروں طرف پھیلتا ہے۔ جو اکثر زخمیوں کے جسموں کے اندر تک کے اعضاء کو گلا جاتا ہے۔ ایسے میں اگر آپ نے کسی زخمی کو ہاتھ سے پکڑ کر کھینچا تو عین ممکن ہے کہ اس کا ہاتھ ہی جسم سے جدا ہو جائے۔ سمجھ لیں پورا جسم ہی حلوہ ہوا ہوتا ہے۔ باقی نرمی سے ٹھیک وہی ساری پریکٹس یہاں بھی دہرائی جائے گی جو درج بالا صورتوں میں سکھائی گئی ہے۔
اسی طرح خدانخواستہ کوئی کسی بھاری چیز کے نیچے پھنس جاتا ہے۔ اور آپ پوری طاقت لگاکر بھی وہ بھاری چیز اس پر سے نہیں ہٹا پا رہے تو گھبرایئے نہیں۔ اردگرد کوئی بھی سلاخ یا لمبی مضبوط لکڑی نظر آجائے تو اسے بھاری چیز کے نیچے پھنسا کر اٹھائیں۔ اس طرح ہم اپنی قوت سے پانچ گنا بھاری چیز بھی باآسانی اٹھا سکتے ہیں۔
اور جو کبھی گاڑیاں اٹھانے والا جیک میسر ہو۔ پھر تو سمجھیں آپ بھاری سے بھاری چیز بھی تن تنہا باآسانی اٹھا لیں گے۔
فرسٹ ایڈ سے متعلق دیگر کئی ضروری معلومات ان شاء اللہ پھر شیئر کی جائیں گی۔ بخوف تطویل آج کے لیے بس اتنا ہی۔ طالب دعا۔