02/02/2026
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ جناب حسن جاوید بھٹی کا ریسکیو 1122 سنٹر اسٹیشنز لیہ کا دورہ
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ جناب حسن جاوید بھٹی نے آج ریسکیو 1122 کے سنٹر اسٹیشن لیہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں کی مجموعی کارکردگی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او لیہ کو موٹر بائیک ایمبولینس، فائر ایمبولینس اور واٹر ریسکیو ٹیم کی عملی تیاری، دستیاب وسائل، آلات اور ریسپانس ٹائم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈی پی او لیہ نے مختلف ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی محنت، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر لیہ ڈاکٹر سجاد احمد نے ڈی پی او لیہ کا استقبال کیا اور انہیں ریسکیو 1122 کے تمام سنٹر اسٹیشنز کا دورہ کروایا۔ انہوں نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ریسکیو 1122 میں ایمرجنسی کال کس طرح موصول ہوتی ہے، کنٹرول روم کس انداز میں کال کو پراسیس کرتا ہے اور کس طرح متعلقہ ایمبولینس، فائر وہیکل یا ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کیا جاتا ہے۔
ڈی پی او لیہ نے ریسکیو 1122 کنٹرول روم کا بھی تفصیلی جائزہ لیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی کال آپریٹرز کی کارکردگی، کال موصول ہونے کے فوراً بعد ریسکیو وہیکلز کی موومنٹ اور مختلف ایمرجنسی صورتحال میں لائیو آپریشنز کو براہِ راست دیکھا۔ انہوں نے کنٹرول روم کے مؤثر نظام اور عملے کی مستعدی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈی پی او لیہ جناب حسن جاوید بھٹی نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 ایک مثالی ادارہ ہے جو دن رات عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کی خدمات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی پولیس، ریسکیو 1122 کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ عوام کو بروقت، مؤثر اور معیاری ایمرجنسی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔