04/05/2026
ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کے مرکزی لیڈران کا مرکز ی دفتر پر اہم اجلاس۔
آٹھویں تنخواہ کمیشن کے وفد کی آمد پر تبادلہ خیال ۔
وفد کے سامنے رکھی جانے والی تجاویز کو حتمی شکل دینے کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل ۔
مستقل اور عارضی ملازمین کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنا ہماراعزم : اعجاز احمدخان ۔
سری نگر:۴،مئی :- ملازم انجمنوں کے سب سے بڑے مشترکہ پلیٹ فارم جموں وکشمیر ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کااہم اجلاس پیر کو یہاں مرکز ی دفتر پر منعقد ہوا ۔چیئرمین JKEJCC اعجاز احمدخان کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں کمیٹی کے مرکزی لیڈران نے شرکت کی ۔ JKEJCC کے ایک ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کے اس اجلاس میں آٹھویں تنخواہ کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی سری نگر آمد پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ 8ویں پے کمیشن وفد نے متعلقین سے اُن کے مسائل ، مشکلات اور مطالبات کے حوالے سے تجاویز طلب کی ہیں ،اور JKEJCC لیڈران نے اپنی مرتب کردہ تجاویز پر اہم غوروخوض کیا تاکہ آٹھویں تنخواہ کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کے سامنے مستقل وعارضی ملازمین کے مشکلات اور جائز و دیرینہ مطالبات کو بہتر اندازمیں پیش کیا جاسکے ۔ ان تجاویز کو حتمی شکل دینے کیلئے ای جے سی سی کے سینئر لیڈر سجادخواجہ کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی اور اس کمیٹی میں ونود شرما جموں اور سمیر فدا شامل ہیں جبکہ منیر پھلگرو اس کمیٹی کیلئے بطور کارڈی نیٹر کے فرائض انجا م دیں گے ۔ منیر پھلگرو نے بتایا کہ ہم لاکھوں ملازمین اور ڈیلی ویجروں کی نمائندگی کرتے ہیں اور ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی نے روز اول سے مستقل اور عارضی ملازمین کے جائز مشکلات اور دیر ینہ مطالبات کو ہر فورم پر اُٹھاتے ہوئے پُرامن جمہوری انداز اپنایاہے ۔ سینئر ٹریڈیونین رہنما اور چیئرمین JKEJCC اعجاز احمد خان نے بتایا کہ مستقل ملازمین کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے محکمانہ ڈی پی سی میٹنگ وقت پر منعقد کی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کے کئی مسائل محکمانہ سطح پر اندرون خانہ ہی حل ہوسکتے ہیں ،اگر متعلقہ محکموں کے سربراہان سنجیدہ سے کام لیں ۔انہوں نے کہاکہ مختلف سرکاری محکموں میں برسہا برسوں سے معمولی اجرتوں پر کام کرنے والے60 ہزار سے زیادہ عارضی ملازمین بشمول ڈیلی ویجر ،کیجول لبیر ،نیڈ بیس ورکر اور فیئر پرائس شاپ ڈیلر فوری انصاف کا حق رکھتے ہیں اور اُن کی مستقلی کا معاملہ خاص طور پر آٹھویں تنخواہ کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی نوٹس میں لایا جائے گا۔ چیئرمین EJCC اعجاز احمد خان نے ملازمین کو یقین دلایا کہ آٹھویں تنخواہ کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کیساتھ ہر جائز اور دیرینہ مطالبے کو زیر غورلایا جائے گا۔ ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کے اس اہم اجلا س میں چیئرمین JKEJCC اعجاز احمدخان کے علاوہ سینئر لیڈران بشمول شبیر احمد لنگو، جاویداحمدآخون ، سجاد خواجہ ،خالد محمود ،حاجی عبد القیوم بیگ ، منیر پھلگرو ، محمد شفیع راتھر ، سلیم ساگر ، ،عابد کوتوال ، شاہنواز آہنگر ، سمیر فدا اور ریاض احمد کار بھی موجود تھے ۔