02/11/2025
اٹک میں نشانِ شجاعت ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ چھجی میں خون عطیہ کرنے کی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر میاں راشد مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے، اور خون عطیہ کرنا قربِ الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی خون اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی انمول نعمت ہے جو ایک انسان ہی دوسرے انسان کو دے سکتا ہے، اور ایک جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔
ڈاکٹر راشد مشتاق نے نشانِ شجاعت ویلفیئر فاؤنڈیشن کے روحِ رواں عادل حسین اور ان کے رفقاء کو خراجِ تحسین پیش کیا، جو علاقے میں فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب میں لائف کیئر ویلفیئر سوسائٹی کے سی ای او محمد طلحہ، سکول کے اساتذہ، طلباء اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
شرکاء نے خون عطیہ کرنے کی آگاہی مہم کو سراہا اور اس سلسلے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔