22/11/2025
خیبر پختونخوا حکومت میں پیرا میڈیکس سینارٹی لسٹ میں سیاسی پسند ناپسند کا انکشاف
خیبر پختونخوا میں پیرا میڈیکس شعبے کی سینارٹی لسٹ میں سنگین بے ضابطگی اور سیاسی مداخلت کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق 20 نومبر 2023 کو جاری ہونے والی سینارٹی لسٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیرا میڈیکس فواد، جن کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے، نے مبینہ طور پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے نمبر میں غیر معمولی تبدیلی کروالی۔
دستاویزات کے مطابق فواد کی اصل پوزیشن سینارٹی نمبر 108 تھی، تاہم نئی فہرست میں انہیں اچانک چھلانگ دے کر 22ویں نمبر پر پہنچا دیا گیا، جس سے نہ صرف قواعد کی خلاف ورزی ہوئی بلکہ سینکڑوں اہل پیرا میڈیکس کا حق بھی متاثر ہوا۔
مزید حیران کن پہلو یہ ہے کہ نئی سینارٹی لسٹ 5 مئی 2025 کو دوبارہ جاری کی گئی، جسے پیرا میڈیکس تنظیموں نے محکم? صحت کی ناقص کارکردگی اور جانبداری کی واضح مثال قرار دیا ہے۔
پیرا میڈیکس نمائندوں کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت تبدیلی کے دعوے کرتی ہے، مگر عملی طور پر ایسے اقدامات ہو رہے ہیں جو میرٹ کو نقصان پہنچاتے ہیں اور پسندیدہ افراد کو فائدہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف محکمے میں بے اعتمادی بڑھی ہے بلکہ پروموشن، تعیناتی اور سروس اسٹرکچر کے پورے نظام پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔متاثرہ پیرا میڈیکس نے محکمہ صحت سے اس معاملے کی شفاف انکوائری، متنازعہ لسٹ کی فوری واپسی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے پر اندرونی سطح پر بے چینی بڑھ رہی ہے، اور امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ ایشو مزید شدت اختیار کرے گا۔