07/02/2026
الخدمت ہسپتال چارسدہ کی سالانہ رپورٹ 2025 جاری
ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد مریض مستفید، جدید طبی سہولیات، ترقیاتی منصوبے اور مستقبل کے اہداف کا اعلان
چارسدہ: الخدمت ہسپتال چارسدہ کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2025 جاری کر دی گئی، جس کے مطابق ہسپتال نے سال بھر میں 1 لاکھ 3 ہزار 230 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کیں، جبکہ 4,811 بچوں کی محفوظ پیدائش ممکن بنائی گئی۔ اسی دوران 1,500 سے زائد مستحق مریضوں کی مفت آنکھوں کی سرجریاں کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ہسپتال کا شعبہ گائنی سب سے زیادہ مصروف رہا، جبکہ جنرل سرجری دوسرے اور آئی ڈیپارٹمنٹ تیسرے نمبر پر رہا۔ سال کے دوران 3,460 نارمل ڈیلیوریز جبکہ 1,355 ڈیلیوریز بذریعہ سی سیکشن کی گئیں۔ گائنی OPD میں 32,631 خواتین کا علاج کیا گیا جبکہ 4,600 مریضوں کی جنرل سرجریز کی گئیں۔
آئی ڈیپارٹمنٹ میں 1,542 مریضوں کی مفت آئی سرجریاں کی گئیں۔ بچوں کے شعبہ میں 8,520 بچوں کا معائنہ کیا گیا، 1,055 بچوں کو نرسری کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ 189 تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کو ہر قسم کی مفت طبی امداد فراہم کی گئی۔
ارتھوپیڈکس OPD میں 2,022 مریضوں کا علاج اور 388 مختلف آپریشن کیے گئے، جبکہ ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ میں 3,075 مریضوں کی OPD اور 2,725 مختلف پروسیجرز انجام دیے گئے۔
تشخیصی سہولیات کے تحت 18,190 الٹراساؤنڈ، 24,530 لیب ٹیسٹ، ,93169 ایکسرے اور 296 OPG ٹیسٹ کیے گئے۔ اسی طرح 13,625 بچوں اور خواتین کی ویکسینیشن کی گئی، 652 مریضوں کو ENT ڈیپارٹمنٹ نے سہولت فراہم کی، جبکہ 2,409 افراد کو عینکیں فراہم کی گئیں۔
سال 2025 میں الخدمت ہسپتال چارسدہ نے علاج کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر اور جدید طبی سہولیات کے میدان میں بھی نمایاں پیش رفت کی۔ اس دوران ڈائلیسس سنٹر کے لیے زمین کے حصول اور تعمیر کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جبکہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈرگ ری ہیبیلیٹیشن سنٹر کے لیے زمین کے حصول کے بعد اس کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔
ہسپتال میں ون امہ کے تعاون سے جدید مکمل ارتھوپیڈک OT قائم کیا گیا، جبکہ جدید مشینری میں OPG مشین، بلڈ بینک کا قیام، YAG لیزر مشین، B-Scan، جدید لیب سہولیات اور لیپروسکوپک مشین شامل کی گئیں۔ اسی سال ون امہ کے تعاون سے غذائی قلت کے شکار ایک ہزار بچوں کے لیے شروع کیا گیا نیوٹریشن پراجیکٹ الخدمت ہسپتال چارسدہ کے لیے ایک منفرد اور سنگِ میل اقدام ثابت ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران الخدمت ہسپتال چارسدہ کی میڈیکل ٹیم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی بھرپور خدمات انجام دیں۔ چارسدہ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں 180 سے زائد میڈیکل کیمپس لگائے گئے، جہاں 32 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
سالانہ رپورٹ میں مستقبل کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جن میں ہسپتال میں علیحدہ تھیلیسیمیا سنٹر کی تعمیر اور اپ گریڈیشن، میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر، 3,000 مفت آئی سرجریز اور 200 تھیلیسیمیا کے بچوں کے مکمل مفت مسلسل علاج کو شامل کیا گیا ہے۔