25/09/2025
جب شیخ راغب نے اپنی بیوی نجيہ کو پہلی بار طلاق دی…
تو اُس سے کہا:
“اپنے میکے چلی جاؤ!”
نجیہ نے جواب دیا:
“نہ میں میکے جاؤں گی، اور نہ ہی اس گھر سے باہر قدم رکھوں گی جب تک میری جان نہ نکل جائے!”
شیخ نے کہا:
“میں نے تمہیں طلاق دے دی ہے، اب میری تم سے کوئی حاجت نہیں، میرے گھر سے نکل جاؤ!”
نجیہ نے پرسکون لہجے میں کہا:
“میں نہیں نکلوں گی، اور تمہارے لیے مجھے اس گھر سے نکالنا جائز بھی نہیں، جب تک میری عدّت پوری نہ ہو جائے۔ اور اس دوران میری نان نفقہ کی ذمہ داری بھی تم پر ہے۔”
شیخ نے غصے سے کہا:
“یہ تو گستاخی اور بے ادبی ہے!”
نجیہ نے جواب دیا:
“میں یہ خود سے نہیں کہہ رہی، بلکہ یہ اللّٰه تعالیٰ کا کلام ہے:”
يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ إِذَا طَلَّقْتُمُ النِّسَاءَ فَطَلِّقُوهُنَّ لِعِدَّتِهِنَّ وَأَحْصُوا الْعِدَّةَ وَاتَّقُوا اللَّهَ رَبَّكُمْ ۖ لَا تُخْرِجُوهُنَّ مِن بُيُوتِهِنَّ وَلَا يَخْرُجْنَ إِلَّا أَن يَأْتِينَ بِفَاحِشَةٍ مُّبَيِّنَةٍ ۚ وَتِلْكَ حُدُودُ اللَّهِ ۚ وَمَن يَتَعَدَّ حُدُودَ اللَّهِ فَقَدْ ظَلَمَ نَفْسَهُ
ترجمہ: اے نبی! جب تم عورتوں کو طلاق دو تو ان کی عدّت کے وقت پر طلاق دو اور عدّت کا شمار رکھو، اور اللّٰه سے ڈرو جو تمہارا رب ہے۔ نہ تم انہیں ان کے گھروں سے نکالو اور نہ وہ خود نکلیں، سوائے اس کے کہ وہ کسی صریح بے حیائی کا ارتکاب کریں۔ یہ اللّٰه کی حدود ہیں، اور جو اللّٰه کی حدود سے تجاوز کرے، یقیناً وہ اپنی ہی جان پر ظلم کرتا ہے
(سورۃ الطلاق: آیت 1)
یہ سن کر شیخ نے غصے سے اپنی عباء جھاڑی، اور ناراضی سے گھر سے نکلتے ہوئے بڑبڑایا:
“اللّٰه کی پناہ، یہ لڑکی تو مصیبت ہے!”
نجیہ نے مسکرا کر جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو، خود کو سنبھالا، اور اس کے بعد روزانہ قصدًا …
گھر کو خوشبو سے معطر کرتی،
پورا بناؤ سنگھار کرتی،
عطر لگاتی،
اور جب بھی شیخ گھر آتا یا نکلتا، وہ اس کے سامنے موجود ہوتی۔
پانچ دن بھی نہ گزرے تھے کہ وہ دل ہار بیٹھا…
اور رجوع کر لیا۔
ایک دن نجیہ نے ناشتہ تیار کرنے میں تاخیر کر دی۔
شیخ نے غصے سے کہا:
“یہ میرے حق میں کوتاہی ہے، یہ کسی مومن عورت کے شایانِ شان نہیں!”
نجیہ نے نرمی سے جواب دیا:
“اپنے مومن بھائی کے بارے میں اچھے گمان رکھو، حسنِ ظن بہترین صفات میں سے ہے، اور یہ دل کے سکون اور دین کی سلامتی کا ذریعہ ہے۔ جس نے لوگوں کے بارے میں اچھا گمان رکھا، اُس نے ان کے دل جیت لیے!”
شیخ بولا:
“یہ باتیں تمہاری کوتاہی کو جواز نہیں دے سکتیں۔ کیا تمہیں یہ منظور ہے کہ میں بغیر ناشتہ کیے گھر سے نکلوں؟”
نجیہ نے جواب دیا:
“سچے مؤمن کی نشانی یہ ہے کہ وہ اللّٰه کے دیے ہوئے تھوڑے پر بھی قناعت کرے۔”
ایک حدیث ہے:
قَدْ أَفْلَحَ مَنْ أَسْلَمَ، وَرُزِقَ كَفَافًا، وَقَنَّعَهُ اللَّهُ بِمَا آتَاهُ
ترجمہ: وہ شخص کامیاب ہو گیا جو اسلام لایا، اُسے اتنا رزق ملا جو کافی ہو، اور اللّٰه نے اسے جو دیا اُس پر قناعت عطا فرمائی۔
(صحیح مسلم، حدیث: 1054)
شیخ نے کہا:
“تو میں کچھ بھی نہیں کھاؤں گا!”
نجیہ نے مسکرا کر کہا:
“تو پھر تم نے اس حدیث سے کچھ نہیں سیکھا”
شیخ بغیر کچھ کہے غصے میں نکل گیا۔ واپس آیا تو بھی خاموش رہا۔
رات کو اس نے بستر چھوڑ کر نیچے فرش پر سونا شروع کر دیا…
یہ سلسلہ دس دن تک چلتا رہا۔
دن میں نجیہ اُس کے تمام کام کرتی، کھانا بناتی، پانی دیتی، اور رات کو دلکش لباس پہن کر، خوشبو لگا کر اپنے بستر پر لیٹتی…
لیکن اُسے دانستہ طور پر کچھ نہ کہتی۔
گیارہویں رات…
شیخ نیچے سو گیا، پھر تھوڑی دیر بعد اپنے بستر پر چڑھ آیا۔
نجیہ نے ہنستے ہوئے کہا:
“کیوں آئے ہو؟”
شیخ نے کہا:
“آئی ایم سوری! میں پلٹ آیا ہوں”
نجیہ نے کہا:
“کششِ ثقل تو کہتی ہے کہ لوگ اوپر سے نیچے پلٹتے ہیں، تم نیچے سے اوپر کیسے پلٹ آئے؟”
وہ مسکرایا اور کہا:
“کششِ ثقل سے زیادہ طاقتور ایک اور کشش ہے: بستر پر موجود بیوی کی کشش!”
پھر خوشی سے بولا:
“اگر ساری عورتیں تم جیسی ہوتیں نجیہ، تو کوئی مرد کبھی طلاق نہ دیتا۔ گھروں کے سارے مسائل ختم ہو جاتے”
پھر اس نے ایک حدیث بیان کی:
من صبرت على سوء خلق زوجها أعطاها اللّٰه مثل ثواب آسية بنت مزاحم
ترجمہ: جو عورت اپنے شوہر کے بد اخلاقی پر صبر کرے، اللّٰه تعالیٰ اسے حضرت آسیہ بنت مزاحم کے برابر ثواب عطا فرماتا ہے ✳️
شیخ نے محبت سے کہا:
“اے نجیہ! تم میرے لیے اللّٰه کی اطاعت میں بہترین معاون ثابت ہوئیں۔ اللّٰه تمہیں جزائے خیر دے، اور ہمارے درمیان کبھی جدائی نہ ہو!”
نتیجہ:
ایسے ہی حلم، صبر، حکمت، اور اخلاق سے غصے پر قابو پایا جاتا ہے۔
نجیہ میں جذباتی اور سماجی ذہانت (Emotional & Social Intelligence) کی جھلک تھی۔
جانتے ہو؟ ہر عورت کے اندر ایک “نجیہ” چھپی ہوتی ہے…
ہر وہ عورت جو اپنے رب سے لو لگاتی ہے، وہ “نجیہ” ہے…
جو دنیا کی آزمائشوں سے بچ کر، جنت کی طرف رواں دواں ہوتی ہے۔
اللّٰه تعالیٰ ہمیں بھی ایسے حلم، وفا، صبر، اور دین داری سے نوازے،
اور ہمیں انبیاء و صالحین کے ساتھ جنت الفردوس میں اکٹھا فرمائے۔ آمین۔
#پٹھان