20/08/2025
زمانہ بدل چکا ہے۔ زندگی کی رفتار بہت تیز ہو گئی ہے، سہولتیں بڑھ گئی ہیں، اور دنیا انگلی کی ایک جنبش پر سمٹ آئی ہے۔ لیکن ان تمام ترقیوں کے بیچ بچپن کی معصومیت، سادگی اور قدرت سے جڑا وہ رشتہ کہیں پیچھے رہ گیا ہے۔ آج کے بچے روشنیوں، اسکرینوں اور مصنوعی سرگرمیوں کے درمیان پل رہے ہیں، جہاں نیچر، جذبے اور تعلق کا وہ رنگ نظر نہیں آتا جو کبھی بچپن کا خاصہ ہوا کرتا تھا۔
ایک وقت تھا جب بچے کھلے میدانوں میں دوڑا کرتے، مٹی سے کھیلتے، بارش میں نہاتے اور تتلیاں پکڑتے۔ اب ان کا زیادہ تر وقت موبائل، ٹی وی اور گیجٹس کی دنیا میں گزر رہا ہے۔ وہ حقیقی تجربات سے زیادہ ورچوئل مناظر کے عادی ہو چکے ہیں۔ کہانیوں کا وقت، نانی دادی کی گود اور محبت سے بھرپور نصیحتیں اب اینیمیشنز اور شور شرابے والے کارٹونز نے لے لی ہیں، جن میں جذبات کی گہرائی کم اور مصنوعی تاثر زیادہ ہوتا ہے۔
آج کا بچہ باہر کی دنیا کو محسوس کرنے سے پہلے اسکرین پر دیکھی جانے والی دنیا کو سچ ماننے لگا ہے۔ قدرتی مناظر، درختوں کی سرسراہٹ، پرندوں کی چہچہاہٹ اور ریت میں قدموں کے نشان اب اس کی روزمرہ کی زندگی سے نکلتے جا رہے ہیں۔ اسے اندازہ بھی نہیں ہو پاتا کہ وہ کس قیمتی لمس، خوشبو اور احساس سے محروم ہو رہا ہے۔
تعلیمی دباؤ، والدین کی مصروفیت، اور سماجی میڈیا کے بڑھتے اثر نے بچوں کو ظاہری کامیابیوں کی دوڑ میں لگا دیا ہے، مگر ان کے اندر کی خاموشی، حساسیت، سوال کرنے کی خواہش، اور اپنے پن کا جذبہ آہستہ آہستہ دبنے لگا ہے۔
ایسا نہیں کہ ماڈرن دور صرف نقصان دہ ہے، مگر جب سہولتیں فطرت کا نعم البدل بننے لگیں تو نقصان یقینی ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم توازن قائم کریں۔ بچوں کو سہولتوں کے ساتھ ساتھ قدرت کے قریب لائیں، ان کے ساتھ وقت گزاریں، انہیں کھلی فضا میں کھیلنے دیں، ان سے باتیں کریں، سوال سنیں، اور ان کے دل کے قریب رہیں۔
کیونکہ بچپن صرف عمر کا ایک دور نہیں، بلکہ ایک بنیاد ہے۔ اگر وہ فطری اور محبت بھرا ہو تو شخصیت مضبوط بنتی ہے۔ لیکن اگر بچہ صرف مشینوں اور مصروف لمحوں میں پروان چڑھے، تو اس کے اندر کی دنیا ادھوری رہ جاتی ہے۔
وقت ہے کہ ہم رُک کر سوچیں کہ کیا ہم اپنے بچوں کو ترقی دے رہے ہیں، یا ان سے ان کا اصل چھین رہے ہیں؟
معزز قارئین۔۔
اگر میری تحریری و دیگر کاوشیں آپ کو مفید لگیں،
اور آپ انہیں کاپی پیسٹ کریں تو میری گذارش ہے "Parenting with DrZ" کا حوالہ ضرور دیں، کیونکہ علم کو اس کے اصل ماخذ کے ساتھ پھیلانا ایک اچھی روایت ہے۔
آپ کی محبت اور حوصلہ افزائی میرے لئے قیمتی ہے!