01/01/2026
ایکٹ 2025 — TCAM
(Traditional, Complementary & Alternative Medicine Act 2025)
📜 کھلا خط
بجانب:
نیشنل کونسل فار طب
از طرف:
پاکستان حکیم ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ، پاکستان)
محترم صدر صاحب و معزز اراکینِ نیشنل کونسل فار طب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
پاکستان حکیم ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ، پاکستان) بحیثیت ایک قومی، نمائندہ اور ذمہ دار تنظیم، آپ کی توجہ ایک نہایت اہم اور حساس قومی مسئلے کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہے۔
ہم اس حقیقت سے مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ نظامِ طبِ یونانی میں بہتری، معیار سازی اور مؤثر ریگولیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تاہم ہم یہ بھی واضح کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ اصلاحات کے نام پر کسی ایسے قانونی، تسلیم شدہ اور پہلے سے موجود طبقے کو ختم کرنا، جو دہائیوں سے عوامی خدمت انجام دے رہا ہو، نہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہے اور نہ ہی قومی مفاد میں۔
چار سالہ طبِ یونانی ڈپلوما پروگرام باقاعدہ طور پر
یونانی، آیورویدک و ہومیوپیتھک پریکٹیشنرز ایکٹ 1965 کے تحت منظور شدہ رہا ہے۔
اسی قانونی تحفظ کے تحت ہزاروں طلبہ نے اعتماد کے ساتھ اس شعبے میں تعلیم حاصل کی، اور آج وہ ملک بھر میں دیانت داری سے عوام کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
مجوزہ TCAM ایکٹ 2025 میں شامل
شق نمبر 22
اسی اعتماد، تسلسل اور عوامی خدمت کے نظام کو شدید خطرات سے دوچار کر رہی ہے۔
یہ شق:
ہزاروں ڈپلوما ہولڈرز کے تعلیمی و قانونی حقوق کو متاثر کرتی ہے
ان کے روزگار اور پریکٹس کو غیر یقینی بناتی ہے
ایک طویل عرصے سے تسلیم شدہ طبقے کو اچانک غیر مؤثر اور غیر متعلقہ ظاہر کرنے کا تاثر دیتی ہے
پاکستان حکیم ایسوسی ایشن کے پُرزور مطالبات:
🔹 مجوزہ ایکٹ سے شق نمبر 22 کو مکمل طور پر حذف (Delete) کیا جائے
🔹 ایک واضح حفاظتی شق شامل کی جائے جو
ایکٹ 1965 کے تحت داخلہ لینے والے تمام طلبہ اور فارغ التحصیل افراد کے مستقبل کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کرے
🔹 کسی بھی نئے تعلیمی، ڈگری یا ریگولیٹری نظام کا اطلاق
صرف آئندہ داخلہ لینے والے طلبہ تک محدود رکھا جائے
🔹 موجودہ ڈپلوما ہولڈرز کے لیے
برِجنگ / اپ گریڈیشن پالیسی متعارف کروائی جائے تاکہ وہ نئے نظام سے ہم آہنگ ہو سکیں
ہم یہ سمجھتے ہیں کہ نیشنل کونسل فار طب صرف ایک ریگولیٹری باڈی نہیں بلکہ طبِ یونانی کے تحفظ، فروغ اور تسلسل کی امین بھی ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ کونسل انصاف، تدبر اور قومی مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایسا فیصلہ کرے گی جو کسی بھی طبقے کے ساتھ ناانصافی کا سبب نہ بنے۔
والسلام
پاکستان حکیم ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ، پاکستان)
پاکستان طبی الائنس