Div HQs Teaching Hospital Mirpur Azad Kashmir

Div HQs Teaching Hospital Mirpur Azad Kashmir Contact information, map and directions, contact form, opening hours, services, ratings, photos, videos and announcements from Div HQs Teaching Hospital Mirpur Azad Kashmir, Hospital, Allama Iqbal Road, Mirpur.

23/10/2025
21/10/2025

الحمدللہ، ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ ہسپتال میں دو نئے جنریٹرز کی تنصیب کے لیے درکار سامان آج ہسپتال پہنچ گیا۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہسپتال کی اہم ضرورت تھی، اور ان جنریٹرز کی فراہمی سے ہسپتال کے تمام شعبہ جات میں طبی سہولیات کی کارکردگی مزید بہتر ہو جائے گی۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے کہا کہ “الحمدللہ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج ہسپتال کو دو نئے جنریٹرز ملے ہیں جو مریضوں اور عملے کے لیے بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ یہ ہسپتال کی ترقی اور جدید سہولیات کی فراہمی کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔”

ڈاکٹر عامر عزیز نے مزید کہا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل میں وزیرِ صحت آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر نثار انصر ابدالی ، سیکرٹری صحت آزاد کشمیر اور دیگر متعلقہ حکام کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی اور تعاون سے یہ ہدف ممکن ہوا۔

ہسپتال انتظامیہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی حکومتِ آزاد کشمیر کی سرپرستی میں مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات جاری رہیں گے

یکم اکتوبر کو پلاک، ڈڈیال کے مقام پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ہنگام...
05/10/2025

یکم اکتوبر کو پلاک، ڈڈیال کے مقام پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی، جہاں زخمیوں کو فوری طور پر منتقل کیا گیا۔
کل 116 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا، جن میں سے 31 سویلین شامل تھے۔ ہسپتال کے تمام شعبہ جات نے ہنگامی بنیادوں پر منظم انداز میں کام کرتے ہوئے ہر زخمی کو بروقت طبی امداد فراہم کی۔

پرنسپل محترمہ بینظیر میڈیکل کالج میرپور، پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز موقع پر موجود رہے اور تمام تر صورتحال کی براہِ راست نگرانی کی۔
ان کے ساتھ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ نے بھی بھرپور انتظامی کردار ادا کیا، جبکہ ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد سمیت دیگر ٹیموں نے علاج معالجے کے عمل کو مؤثر انداز میں جاری رکھا۔

ہسپتال انتظامیہ نے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے ہی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع تیاری کر رکھی تھی۔ اس سلسلے میں باقاعدہ ریہرسل (Mock Drill) بھی منعقد کی گئی تھی، جس کی قیادت سرجن ڈاکٹر احمد نعیم کیانی اور یورالوجسٹ ڈاکٹر عمار بشیر نے کی۔
ان کی نگرانی میں ٹیموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی تربیت دی گئی تھی، جس کی بدولت حادثے کے موقع پر بروقت اور مؤثر رسپانس ممکن ہو سکا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے ماہرین فوری طور پر ایمرجنسی پہنچ گئے، جن میں
سرجن ڈاکٹر تنویر صادق، سرجن ڈاکٹر احمد نعیم کیانی، سرجن ڈاکٹر احمد محمود، آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر احسان الحق، نیورو سرجن ڈاکٹر وقاص احمد ،یورالوجسٹ ڈاکٹر عمار بشیر اور ڈاکٹر اعجاز محمود چوہدری شامل تھے۔
تمام ماہرین نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ بروقت علاج شروع کیا اور ہر زخمی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے اس موقع پر کہا کہ مریضوں کو بہترین علاج کی فراہمی محکمہ صحت آزاد کشمیر کی اولین ترجیح ہے، اور ہسپتال کے تمام عملے نے مشکل گھڑی میں جذبۂ انسانیت کے تحت بہترین خدمات انجام دیں۔

انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی جو سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا ہے کہ سویلین زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ پروپیگنڈہ سراسر بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہے، کیونکہ تمام زخمیوں کو بلا تفریق مکمل علاج اور سہولیات فراہم کی گئیں۔

سرجنز، میڈیکل آفیسرز، نرسنگ آفیسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمرجنسی ٹیموں نے بلا تعطل اپنی خدمات سرانجام دیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے ساتھ ساتھ سرجیکل، میڈیکل اور ڈائیگنوسٹک سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن مسلسل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز کے ساتھ رابطے میں رہے اور حالات کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لیتے رہے۔
اسی دوران ڈی آئی جی ڈاکٹر لیاقت بھی موقع پر پہنچ گئے، جبکہ ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری یاسر ریاض اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس خرم اقبال نے بھی ہسپتال کا وزٹ کیا اور زخمیوں کے علاج معالجے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔
ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا گیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس اور ٹیم ورک ہی کامیابی کی کنجی ہے، اور ہسپتال کے تمام عملے نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کا ثبوت دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی ہسپتال انتظامیہ اسی جذبے کے ساتھ ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ حادثے کے باوجود ہسپتال کی معمول کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں۔
پلاک اور ڈڈیال کے زخمیوں کے علاوہ، یکم اکتوبر کو ہسپتال کے فلٹر کلینک میں مجموعی طور پر 163 روٹین مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے نہ صرف ہنگامی صورتحال کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا بلکہ روزمرہ سروسز کو بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا

عالمی یومِ قلب کے موقع پر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آڈیٹوریم میں ایک پروقار اور بامقصد آگاہی تقریب کا انعقاد کیا ...
28/09/2025

عالمی یومِ قلب کے موقع پر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آڈیٹوریم میں ایک پروقار اور بامقصد آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز تھے، جبکہ ان کی خصوصی دعوت پر پاک فوج کے فخر کرنل عدیل مرزا نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ زلفقار، پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر امجد محمود، ہیڈ آف کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر سعید عالم، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر رضاالحق، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر برہان الحق، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر صدف شبیر کیانی، سرجن ڈاکٹر ریاض احمد چوہدری اور اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر شعیب احمد خان کے علاوہ کثیر تعداد میں ڈاکٹرز، نرسنگ آفیسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور طلبہ نے شرکت کی۔

ماہرینِ صحت نے اپنے خطابات میں دل کے امراض کے بڑھتے ہوئے خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طرزِ زندگی میں تبدیلی، متوازن غذا، ورزش، ذہنی دباؤ میں کمی، تمباکو نوشی سے پرہیز اور باقاعدہ بلڈ پریشر و کولیسٹرول چیک اپ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے بنیادی اصول ہیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی عوام کو علاج کے ساتھ ساتھ آگاہی فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کا واحد راستہ احتیاط اور بروقت تشخیص ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں یونیورسٹیوں، کالجز اور تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز اور لیکچرز کا سلسلہ شروع کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو دل کی صحت کے بارے میں شعور و آگاہی فراہم کی جا سکے۔

کرنل عدیل مرزا نے کہا کہ نوجوان طبقہ آج غیر متوازن خوراک اور ذہنی دباؤ کے باعث ہارٹ اٹیک کے خطرے سے دوچار ہے، اس لیے معاشرتی سطح پر آگاہی پھیلانا وقت کی ضرورت ہے۔

تقریب کے آخر میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے “دل کی حفاظت، زندگی کی ضمانت” اور “صحت مند دل، خوشحال زندگی” جیسے پیغامات والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
واک کے دوران ماہرینِ صحت نے شہریوں کو بتایا کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی، مناسب نیند، متوازن غذا اور وقتاً فوقتاً میڈیکل چیک اپ سے ہارٹ اٹیک سے بچاؤ ممکن ہے۔

شرکائے تقریب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دل کی صحت کے حوالے سے آگاہی کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے

ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں آج مورخہ 24 ستمبر 2025 کو کانفرنس ہال میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعق...
24/09/2025

ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں آج مورخہ 24 ستمبر 2025 کو کانفرنس ہال میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد Generic Bachelor of Science in Nursing (G BSN) تیسرے بیج کی نرسنگ آفیسرز کی شاندار تعلیمی کامیابیوں کو سراہنا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ ان نرسنگ آفیسرز نے انتھک محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی جس سے نہ صرف ان کی ذاتی قابلیت اور عزم کا اظہار ہوتا ہے بلکہ ادارے کا وقار بھی بلند ہوا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور نرسنگ آفیسرز کی یہ کامیابی مستقبل میں ادارے کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ Generic Bachelor of Science in Nursing (G BSN) جیسے جدید پروگرامز نے نرسنگ کے پیشے کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔

تقریب میں خصوصی شرکت ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ زوالفقار اور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد نے بھی کی۔ دونوں معزز مہمانوں نے کامیاب نرسنگ آفیسرز کی تعلیمی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں دراصل ایک اجتماعی کامیابی ہیں جو ادارے کے بہتر تعلیمی ماحول اور اساتذہ کی محنت کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ G BSN تیسرے بیج کی یہ کامیابی آنے والے طلبہ و طالبات کے لیے بھی مشعلِ راہ ثابت ہو گی اور اس سے نرسنگ کے پیشے میں مزید جذبہ، لگن اور خدمتِ خلق کا رجحان بڑھے گا۔

تقریب کے اختتام پر کامیاب نرسنگ آفیسرز کو سرٹیفیکیٹس پیش کیے گئے۔ آخر میں تمام شرکاء نے ایک یادگار گروپ فوٹو بنوا کر اس خوشگوار لمحے کو امر کر دیا

ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے لیے ایک اور فخر کا لمحہ، AFIC راولپنڈی میں منعقدہ FIT Jeopardy ECG Competition...
17/09/2025

ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے لیے ایک اور فخر کا لمحہ، AFIC راولپنڈی میں منعقدہ FIT Jeopardy ECG Competition میں KIC ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔

اس مقابلے میں ملک کے بڑے اداروں بشمول شِفا انٹرنیشنل، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (RIC)، آرمی میڈیکل کالج (AMC)، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) اور AFIC نے بھرپور شرکت کی۔ پانچ راؤنڈز پر مشتمل اس مقابلے میں KIC ٹیم نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر +50 اسکور کے ساتھ واضح برتری حاصل کی، جبکہ دوسرے ادارے پیچھے رہ گئے۔

مقابلے کے اختتام پر وننگ ٹیم کو سرٹیفکیٹ اور اعزازی شیلڈ دی گئی۔ ٹیم کے ممبران نے اس کامیابی کو اپنی محنت، ٹیم ورک اور ادارے کی مؤثر رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔

اس کامیابی میں وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر ڈاکٹر نثار عنصر ابدالی اور سیکرٹری صحت بریگیڈیئر حمد فرید کی مؤثر نگرانی اور رہنمائی کا کردار نمایاں رہا۔ ان کی سپرویژن اور پالیسی سطح کی رہنمائی نے ادارے کو ایسے مواقع پر بہتر کارکردگی دکھانے کے قابل بنایا۔

اسی طرح میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اس کامیابی کو ہسپتال کے عملے کی محنت اور جذبے کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جیت نہ صرف میرپور ٹیچنگ ہسپتال بلکہ پورے آزاد کشمیر کے لیے اعزاز ہے۔

ہیلتھ کمیونٹی اور محکمہ صحت آزاد کشمیر نے بھی ٹیم کی اس کامیابی کو ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی میرپور ٹیچنگ ہسپتال کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تعلیمی و تربیتی معیار کی حقیقی عکاسی ہے۔ امید ظاہر کی گئی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے شاندار کارنامے انجام دے کر ادارے اور خطے کا نام مزید روشن کیا جائے گا

11/09/2025

On the last day of his service, Professor Dr. Riaz Ahmad Chaudhry bids an affectionate farewell to his fellow doctors.

ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں آج ایک پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پروفیسر ڈاکٹر ری...
10/09/2025

ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں آج ایک پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد چوہدری کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ وہ آج اپنی سروس مکمل کرنے کے بعد باعزت طور پر ریٹائر ہو گئے۔ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد چوہدری نے اپنے طویل کیرئیر کے دوران نہ صرف شعبہ طب میں نمایاں خدمات انجام دیں بلکہ اپنے اخلاق، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے ایک مثالی رہنما اور استاد کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔

تقریب ہسپتال کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ڈاکٹرز، پروفیسرز، کنسلٹنٹس اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کا شرف ڈاکٹر فیضان عالم نے حاصل کیا۔ اس کے بعد سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر رضوان بوستان نے خوش اسلوبی سے سرانجام دیے۔

تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ زولفقار، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد، پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر امجد محمود، ہیڈ آف ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ سئنیر ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر سردار عبدالمجید، ہیڈ آف سرجری ڈیپارٹمنٹ یونٹ 2 پروفیسر زرداد احمد اور ہیڈ آف اینستھیزیا ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ندیم احمد خان ، ہیڈ آف یورولوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اشفاق احمد راجہ ، ہیڈ آف کشمیر انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر سعید عالم اور دیگر شامل تھے۔

مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد چوہدری کی شخصیت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے تدریس کے میدان میں نوجوان ڈاکٹروں کی رہنمائی کی، مریضوں کے علاج میں ہمیشہ ایثار اور خلوص کو مقدم رکھا اور ہسپتال کی انتظامی بہتری میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ اور ساتھی ڈاکٹرز نے پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد چوہدری کے ساتھ اپنے ذاتی و پیشہ ورانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شفیق استاد، بہترین معالج اور باوقار شخصیت ہیں۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی تاہم ان کے شاگرد اور ساتھی ان کی تعلیمات اور رہنمائی کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

اس شاندار تقریب کا انعقاد کرنے کے لئے انتظامی کمیٹی کے ممبران بلخصوص سئنیر ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر سردار عبدلمجید ہیڈ آف ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ ، سئنیر چائلڈ سپشیلسٹ ڈاکٹر رضوان بوستان ، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویس زاہد نے اہم کردار ادا کیا
تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد چوہدری کو یادگاری شیلڈ اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے جبکہ شرکاء نے کھڑے ہو کر پرجوش تالیاں بجا کر ان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فزیوتھراپی ڈے کے موقع پر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ک...
08/09/2025

فزیوتھراپی ڈے کے موقع پر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈیپارٹمنٹ کے تمام اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے خصوصی طور پر شرکت کی اور فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ ہسپتال کے نمایاں شعبوں میں سے ایک ہے جو مریضوں کی بحالی اور علاج کے عمل میں شاندار خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کے اسٹاف کی محنت اور پیشہ ورانہ جذبہ لائق تحسین ہے اور یہی وجہ ہے کہ فزیوتھراپی کے ذریعے روزانہ درجنوں مریض فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ڈاکٹر عامر عزیز نے واضح کیا کہ فزیوتھراپی محض علاج نہیں بلکہ مریضوں کی زندگیوں کو بہتر اور فعال بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے، اور ہسپتال کے اندر یہ ڈیپارٹمنٹ اپنی کارکردگی کے حوالے سے ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔

تقریب کے دوران فزیوتھراپی ٹیم نے بھی اپنی سرگرمیوں اور خدمات کے بارے میں بریفنگ دی، جسے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے نہایت مثبت انداز میں سراہا۔ آخر میں کیک کاٹا گیا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے فزیوتھراپی ٹیم کے ساتھ گروپ فوٹو لیا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ کی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

میرپور ( )ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ڈائریکٹر جنرل ریجنل ہیڈ آفس نادرا مظفرآباد، مسٹر عاطف زمان چوہدری ن...
08/09/2025

میرپور ( )
ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ڈائریکٹر جنرل ریجنل ہیڈ آفس نادرا مظفرآباد، مسٹر عاطف زمان چوہدری نے زونل ہیڈ آپریشنز میرپور زون، قیصر محمود کے ہمراہ خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار نے ہسپتال کے انتظامی، علاجی اور تکنیکی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران نادرا کے جاری پائلٹ پروجیکٹ پر خصوصی گفتگو ہوئی، جو کہ اپنے آغاز ہی سے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہسپتال میں پیدائش اور اموات کے ریکارڈ کا بروقت اندراج نادرا کے مرکزی ڈیجیٹل سسٹم میں براہِ راست کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں عوامی سہولت، شفافیت اور درست ریکارڈ مینجمنٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار نے بتایا کہ اس سسٹم کے نفاذ سے ہسپتال کے ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملی ہے اور مریضوں و لواحقین کو مختلف کاغذی کارروائیوں سے نجات ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہسپتال کی انتظامیہ اس پراجیکٹ کو شروع دن سے بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے اور ہمارا مقصد یہ ہے کہ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے صحت اور دستاویزی سہولت فراہم کی جا سکے۔”

ڈائریکٹر جنرل نادرا، مسٹر عاطف زمان چوہدری نے ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پائلٹ پروجیکٹ آئندہ وقت میں پورے آزاد جموں و کشمیر کے لیے ایک مثالی ماڈل ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نادرا عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید مؤثر بنائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر اور تیز تر خدمات فراہم کی جا سکیں

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میرپور  (PMA) کا (KORT )کشمیر آرفنز ریلیف ٹرسٹ میرپور وزٹ ۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میرپور...
03/09/2025

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میرپور (PMA) کا (KORT )کشمیر آرفنز ریلیف ٹرسٹ میرپور وزٹ ۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میرپور کی کابینہ ، دیگر ڈاکٹرز اور بونیر ریلیف کیمپ کے والنٹیئرز نے KORT کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین کورٹ، چوہدری اختر نے مہمانوں کو ادارے کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا اور سپورٹس کمپلیکس، مسجد اور طلبہ کے ہاسٹل / میس کا وزٹ بھی کروایا۔

اس وزٹ میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر عامر عزیز نے خصوصی شرکت کی اور اسپتال ہذا کے حوالے سے نہایت معلوماتی گفتگو کی اور KORT کی خدمات کو خوب سراہا۔
چیئرمین کورٹ، چوہدری اختر نےبونیر ریلیف کیمپ میں PMA اور والنٹیئرز کے شاندار کردار کو سراہتے ہوئے شرکاء کو سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی کشمیر آرفنز ریلیف ٹرسٹ میرپور KORT اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن PMA کے مابین ایک ایم او یو پر دستخط ہوں گے، جس کے تحت صحت سے متعلق سرگرمیوں میں دونوں ادارے باہمی تعاون سے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن میرپور کے صدر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کورٹ کی بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے چوہدری اختر صاحب کو خصوصی طور پر ان یتیم بچوں کی بہترین کفالت، اعلیٰ تعلیم اور روشن مستقبل کے لیے منتخب کیا ہے۔ PMA اس مشن میں کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، اور جہاں بھی کورٹ کو ہماری خدمات کی ضرورت ہو، PMA کے ڈاکٹرز ہمہ وقت حاضر ہیں۔

اس وزٹ میں PMA میرپور کے عہدیداران نے بھی شرکت کی، جن میں وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر معروف، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز محمود چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر او یس زاہد ، انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر بن امین، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر عدنان مرغوب سمیت دیگروالنٹیئر ڈاکٹرز شامل تھے۔

Address

Allama Iqbal Road
Mirpur

Telephone

03003512244

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Div HQs Teaching Hospital Mirpur Azad Kashmir posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Contact The Practice

Send a message to Div HQs Teaching Hospital Mirpur Azad Kashmir:

Share

Share on Facebook Share on Twitter Share on LinkedIn
Share on Pinterest Share on Reddit Share via Email
Share on WhatsApp Share on Instagram Share on Telegram

Category