23/08/2025
کئی بار والدین پوچھتے ہیں کہ: "ڈاکٹر صاحب، ہمارے بچے کا سر اور ماتھا گرم ہے جبکہ ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہیں، لیکن تھرمامیٹر جسم کا نارمل درجہ حرارت بتا رہا ہے، تو یہ کیا مسئلہ ہے؟" اس پوسٹ میں ہم اسی بات کی وضاحت کریں گے۔ بچوں کا دماغ بہت تیزی سے بڑھ رہا ہوتا ہے۔ پیدائش کے وقت سر کا سائز اوسطاً 35 سینٹی میٹر ہوتا ہے، جو ایک سال میں بڑھ کر 47 سینٹی میٹر اور دو سال کی عمر میں 49 سینٹی میٹر تک ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد پوری زندگی میں صرف پانچ سینٹی میٹر تک مزید بڑھتا ہے، لہٰذا ابتدائی تین سے پانچ سالوں میں سر اور دماغ کی نشوونما بہت تیز ہوتی ہے۔ تیز نشوونما کا مطلب ہے تیز میٹابولزم، اور میٹابولزم میں اضافے کا مطلب جسمانی درجہ حرارت میں اضافہ ہے۔ جسم کا مرکز دل ہوتا ہے اور مرکز میں زیادہ حرارت پائی جاتی ہے، جبکہ ہاتھ اور پاؤں دل سے زیادہ دور ہونے کی وجہ سے نسبتاً ٹھنڈے محسوس ہوتے ہیں۔ جب خون دل سے پورے جسم کی طرف جاتا ہے تو اس کی گرمی مختلف طریقوں سے کم ہو جاتی ہے، جیسے پسینے کے ذریعے، جسم سے ٹکرانے والی چیزوں کے ذریعے، یا ماحول کی ٹھنڈک کے ذریعے۔ چونکہ سر دل کے نسبتاً قریب ہے اور دماغ کی سرگرمی بھی زیادہ ہے، اس لیے سر کی جانب خون کی گرمی زیادہ محسوس ہوتی ہے، جبکہ ہاتھ پاؤں نسبتاً ٹھنڈے ہوتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ بچہ گرم ہے تو اس کا درجہ حرارت تھرمامیٹر سے چیک کریں۔ اگر درجہ حرارت 99°F (37.2°C) سے کم ہے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں، تسلی رکھیں۔ یہ بات دوسروں والدین کے ساتھ بھی ضرور شیئر کریں تاکہ وہ بھی مطمئن رہ سکیں۔ جزاک اللہ۔