29/09/2025
ملک میں 38 نرسنگ کالجز جعلی قرار،فہرست جاری
پاکستان, تازہ ترین / Leave a Comment / September 29, 2025
پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے اپنی ویب سائٹ پر 38 جعلی نرسنگ کالجز کی فہرست جاری کر دی ہے۔ ان کالجز میں وفاقی دارالحکومت سے 5، پنجاب سے 25، سندھ سے 5 اور خیبرپختونخوا سے 2 کالجز شامل ہیں۔
نرسنگ کونسل نے والدین اور طلباء کو خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ یا جعلی اداروں سے حاصل کی گئی ڈگری کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر پاکستان کی جانب سے نرسنگ کونسل کی تنظیم نو کے حوالے سے جاری کیے گئے آرڈیننس کی وجہ سے کالجز کی رجسٹریشن اور معائنہ کا عمل رکا ہوا ہے۔
ملک میں کوالیفائیڈ نرسز کی شدید کمی ہے، نرسنگ کونسل کے مطابق ملک بھر میں 755 رجسٹرڈ ادارے ہیں لیکن معیار اور تعداد کے لحاظ سے مطلوبہ نرسز کی تیاری میں کمی ہے۔
نرسنگ کونسل نے جعلی کالجز کی مکمل فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔ اسلام آباد کے جعلی اداروں میں کیپٹل کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ہیلتھ، ایڈورڈ کالج آف نرسنگ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ماڈرن لینگوئجز اینڈ سائنسز، دی انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اور یونیک ٹیکنیکل اینڈ پروفیشنل شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا سے مردان کالج آف نرسنگ اور صوابی کا آربٹ کالج آف نرسنگ اینڈ الائیڈ سائنسز اس فہرست میں شامل ہیں۔
کراچی کے تین کالجز، جن میں امان انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اینڈ نرسنگ، میڈیا ایڈ اسکول آف نرسنگ اور پری انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز شامل ہیں، بھی جعلی قرار دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں، حیدرآباد کا کالج آف نرسنگ اور خیرپور کا کائنات انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
پنجاب میں جعلی قرار دیے گئے کالجز میں اٹک کا مڈکئیر کالج آف نرسنگ، فیصل آباد کا حلال نرسنگ اینڈ مڈوائفری اسکول اور پروفیشنل اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گجرانوالہ کے پروفیشنل کالج آف نرسنگ اور جھنگ کی پنجاب نرسنگ اکیڈمی کو بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔
لاہور کے بوسٹن انٹرنیشنل کالج آف نرسنگ، محمڈن کالج آف نرسنگ اور قائداعظم انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
راولپنڈی کے کالجز میں بریلینٹ انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، سٹی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ای ڈی یو زون ایجوکیشن آف نالج، فلاح انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل اسٹڈیز، مرح انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، پرل انسٹی ٹیوٹ، سدوزئی انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، اور سیوئیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز شامل ہیں۔
ساہیوال کے بیسٹ کالج آف نرسنگ اینڈ مڈوائفری اور پاک انٹرنیشنل کالج آف نرسنگ کو بھی جعلی اداروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سرگودھا کا کنگ عبداللہ کالج آف نرسنگ اور سیالکوٹ کے اقراء کالج آف نرسنگ اور مدر اینڈ چائلڈ ہوم کالج آف نرسنگ بھی اس فہرست میں شامل ہیں