25/10/2025
پاکستان کی نمائندگی کرنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر فصیح شہاب کو میکسیکو کے شہر گوڈالاجارا میں منعقدہ دوسرے سہ ماہی IOTA/FEMECOT اجلاس میں شاندار کارکردگی پر باوقار'' FIOTA ایوارڈ ''سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر فصیح شہاب، جو شہاب آرتھوپیڈک اینڈ جنرل ہسپتال میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، نے 21 سے 25 اکتوبر 2025 تک ہونے والے اس بین الاقوامی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔اجلاس کے دوران انہوں نے "Mass Casualty Incidents: Field Management and Pre-Hospital Care" کے عنوان سے ایک نہایت موثر اور سائنسی اعتبار سے جامع پریزنٹیشن دی، جسے عالمی سطح کے طبی ماہرین نے بے حد سراہا۔ آرتھوپیڈک سرجری کے شعبے میں ان کی غیر معمولی مہارت، عملی تجربہ اور تحقیقاتی صلاحیت نے بین الاقوامی شرکاء کو متاثر کیا۔ڈاکٹر فصیح شہاب کو دیا گیا FIOTA ایوارڈ ان کی طویل محنت، پیشہ ورانہ لگن اور انسانی خدمت کے عزم کا اعتراف ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی فتح ہے بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک باعثِ فخر اعزاز ہے، جو اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ ملک کے طبی ماہرین عالمی معیار کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ڈاکٹر فصیح کی یہ کامیابی پاکستان کے نوجوان ڈاکٹروں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے، جو صحت، تعلیم اور تحقیق کے میدان میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔