27/03/2026
اوتھل میں عید ملن تقریب، نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی عوام سے ملاقات۔
رپورٹ ۔ عزیز یوسفزئی
اوّتھل عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر پارلیمانی سیکرٹری سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی، نے اوتھل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عید ملن تقریب کے دوران اوتھل کے عوام سے ملاقات کی اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کیا۔
اس موقع پر نوابزادہ میر زرین خان مگسی ہر خاص و عام سے عید ملے، عوام کو دلی عید مبارکباد پیش کی اور خوشیوں کے اس موقع پر یکجہتی، بھائی چارے اور محبت کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہونا ان کا فرض ہے اور عوام کی خدمت کا جذبہ ان کے دل میں ہمیشہ زندہ رہے گا، اور اپنے حلقے کی عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
تقریب کے دوران لوگوں نے اپنے مسائل بھی پیش کیے جنہیں نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے توجہ سے سنا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ میڈم حمیرا بلوچ، بھی موجود تھیں۔ انہوں نے نوابزادہ میر زرین خان مگسی کو علاقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور عوام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لسبیلہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر وقت سرگرم عمل ہے۔
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں عوام نے اپنے نمائندوں کی شرکت کو سراہا اور عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا۔ اس موقع پر جام گروپ کے سینئر رہنماؤں سمیت کارکنان اور مختلف طبقہ فکر کے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔