26/10/2025
کوئٹہ:
یونیسف پاکستان کے وفد نے بلوچستان ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (BHMIS) کے دفتر کا دورہ کیا۔ وفد میں یونیسف پاکستان کے نمائندہ فاطح الدین احمد اور یونیسف بلوچستان کی نمائندہ ڈاکٹر امیری شامل تھیں۔ اس موقع پر وفد نے صحت کے شعبے میں شفافیت، جدیدیت اور مؤثر نگرانی کے لیے کیے گئے ڈیجیٹل اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران صوبائی کوآرڈینیٹر BHMIS ڈاکٹر ابابگر نے یونیسف ٹیم کو محکمہ صحت کے جاری منصوبوں، خصوصاً ڈیجیٹل نظاموں کی افادیت، کارکردگی اور شفافیت کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بلوچستان میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد جدید ڈیجیٹل اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ DHIS2 سسٹم کے ذریعے صوبے بھر کے صحت کے اداروں سے درست اور بروقت اعداد و شمار حاصل کیے جا رہے ہیں، جس سے منصوبہ بندی اور فیصلوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
AI Attendance System کے نفاذ سے ہسپتالوں اور مراکزِ صحت میں عملے کی حاضری کی خودکار نگرانی ممکن ہو گئی ہے۔
HRMIS کے تحت صوبے کے تمام ملازمین کو ایک مربوط ہومین ریسورس منجمنٹ سسٹم کے ذریعے ٹریک کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح Equipment Inventory اور Medicine Inventory System کے ذریعے آلات اور ادویات کی دستیابی و تقسیم پر مکمل نگرانی رکھی جا رہی ہے، جس سے ضیاع اور قلت کے مسائل پر مؤثر قابو پایا گیا ہے۔
مزید یہ کہ صوبے کی سرکاری ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کر کے عوامی معلومات، پالیسیوں اور خدمات تک آسان رسائی فراہم کی گئی ہے، جبکہ 1129 شکایتی پورٹل کے قیام سے عوام کو صحت سے متعلق مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست محکمہ تک پہنچانے کی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔
یونیسف کے وفد نے بلوچستان میں صحت کے نظام میں جاری ڈیجیٹل اصلاحات اور شفافیت کے عمل کو سراہتے ہوئے محکمہ صحت بلوچستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وفد نے کہا کہ BHMIS جیسے جدید نظام صحت کے شعبے میں شفافیت، جوابدہی اور مؤثر منصوبہ بندی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یونیسف نے محکمہ صحت بلوچستان کی کارکردگی کو تقلید کے لیے مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماڈل دیگر صوبوں کے لیے بھی رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔ وفد نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں یونیسف محکمہ صحت بلوچستان کے ساتھ تکنیکی تعاون جاری رکھے گا۔
آخر میں، یونیسف کے وفد نے BHMIS ٹیم کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں صوبے میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔