06/10/2025
*تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بورے والا میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات، چوری کی وارداتوں میں اضافہ*
*وہاڑی(حکیم سمیع اللہ سے)تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بورے والا میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات نے مریضوں اور تیمارداروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ہسپتال میں تعینات سیکیورٹی اہلکار اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہو چکے ہیں، دن کے اوقات میں بھی ڈیوٹی کے دوران نیند کے مزے لیتے نظر آتے ہیں، جب کہ رات کے وقت صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے۔سیکیورٹی عملے کی غفلت کے باعث ہسپتال کے احاطے میں جیب تراشی اور چوری کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز مریضوں اور ان کے لواحقین کے موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی سامان غائب ہو رہا ہے، لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔*
*ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عمران کی جانب سے بھی اس سنگین مسئلے پر خاطر خواہ توجہ نہ دینے پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔* *شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی نظام کو بہتر بنایا جائے اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔*